کمٹہ 16؍دسمبر (ایس او نیوز) ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے کمٹہ سے چلائے جارہے پانچوں ٹی وی چینلوں کو اپنے دستاویزات جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔ لیکن پتہ چلا ہے کہ اس حکم پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے کمٹہ کے "نوتن"چینل پر پابندی لگائی گئی ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ڈی سی کے حکم کو نظر انداز کرنے کے پاداش میں کمٹہ کے تحصیلدار میگھ راج نائک نے نوتن چینل کے دفترچھاپہ مارا اور وہاں پر نیوز براڈکاسٹنگ کے لئے استعمال ہونے والے ساز وسامان اور آپریٹنگ سسٹم کو ضبط کرلیا۔افسران کا کہنا ہے کہ جب تک نیوز براڈکاسٹنگ کے لئے ضروری دستاویزات فراہم نہیں کیے جائیں گے تب تک دوبارہ اس چینل کی نشریات پر پابندی رہے گی۔کمٹہ سے پانچ نیوز چینل کام کررہے ہیں۔ جس میں نوتن کے علاوہ وسمیا، سینچن، یو کے اور سری منجو ناتھ چینل شامل ہیں۔کہاجاتا ہے کہ ہوناور کے حساس معاملے میں نیوز نشرنہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں، مگر ان چینلوں پر اس موضوع پر مسلسل نیوز نشر کی جارہی تھی۔ تعجب اس بات پر بھی کیا جارہا ہے کہ ان پانچوں چینلوں کو ڈی سی کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا تھا مگر چھاپہ صرف ایک ہی چینل کے دفتر پر مارا گیا ہے۔ اس کے پیچھے اصل راز کیا ہے اس کا ابھی خلاصہ سامنے نہیں آیا ہے۔